لیسکو پھولنگر کے اسٹاف پر غنڈہ گرد عناصر کاحملہ ،مقدمہ درج

96
LESCO

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی( لیسکو )کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ نادہندگان سے ریکوری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایس ڈی او پھولنگر امجد اقبال کے سٹاف نے ہیڈ بلوکی روڈ بیرون اڈا میں نادہندگان سے ریکوری کے سلسلے میں ہفتہ کے روز یہاں آپریشن کیا۔دوران آپریشن محمد علی ولد امیر علی نامی ایک کنکشن کاٹنے گئے جس کے ذمے واجب الادا رقم مبلغ 253086 روپے تھی۔

میٹر کاٹنے پر حال قابض مشتاق ولد محمد علی، شعیب ولد محمد علی، ماکھا ولد محمد علی نے دو نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر لیسکو ٹیم پر حملہ کر دیا ، گریبان پکڑا اور اسلحہ کے زور پر مارا پیٹااس کے علاوہ ہوائی فائرنگ کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ایس ڈی او امجد اقبال نے ملزمان کےخلاف متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر رجسٹرڈ کروادی،کار سرکار میں مداخلت کرنے پرملزمان کیخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔