لیسکو کا ایک اور وعدہ پورا ، افطاری کے اوقات میں ریجن بھر کے تمام فیڈرز سے بجلی کی سپلائی بلاتعطل جاری

47
LESCO

لاہور۔6مارچ (اے پی پی):ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی شاندار حکمت علی کے باعث لیسکو کی جانب سے رمضان المبارک میں افطاری کے دوران ریجن بھر میں لوڈشیڈنگ صفر ہوگئی، افطاری کے اوقات میں لیسکو کے 21سو سے زائد فیڈرز میں سے کسی بھی فیڈر سے بجلی کی سپلائی معطل نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ لیسکو حکام نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے تھے جس کے باعث پانچویں افطار کے اوقات میں بھی لیسکو کے تمام فیڈرز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رہی اور کسی علاقے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ افطاری کے وقت چیف انجینئر پی اینڈ ڈی عمران محمود کنٹرول روم میں موجود رہے جبکہ اس موقع پر منیجر جی ایس او آفتاب بٹ اور ڈپٹی منیجر پبلک ریلیشن سلمان حیدر بھی موقع پر موجود تھے۔

پی ڈی سی کا عملہ24گھنٹے بجلی کے ترسیلی نظام کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر اس سارے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لیسکو انتظامیہ کی جانب سے صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں فوری طور118پر رابطہ کریں تاکہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر کی جانب سے خصوصی ڈیوٹی پر تعینات ٹیمیں آپ کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں گی ۔