لاہور۔29اپریل (اے پی پی):جی ایم آپریشن اعجاز بھٹی کی زیر قیادت لیسکو ہیڈ کوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ای کچہری میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سنی گئیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔ اس موقع پر جی ایم آپریشنز اعجاز بھٹی کے علاوہ ایچ آر ڈائریکٹر ضمیر حسین کلاچی، ڈی جی ایمپیمنٹیشن رائے محمد اصغر، ڈی جی ایڈمن معصومہ عادل، منیجر کمپلینٹ سیل نعمان ملہی اورمنیجر کمرشل رانا رضوان صبغت اللہ موجود تھے جبکہ تمام سرکلز کے ایس ایز نے بھی فیس بک لنک کے ذریعے ای کچہری میں شرکت کی۔
ای کچہری میں تمام سرکلز کے صارفین نے شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل بیان کیے، جس پر جی ایم آپریشنز اعجاز بھٹی نے متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کیں اور حکم دیا کہ تمام شکایات 24 گھنٹے کے اندر اندر حل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنا یا جائے کہ صارفین کو ان کی ریڈنگ کے مطابق بل جاری ہوں اور صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔ واضح رہے کہ ہر ماہ لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ فیس بک پیج لیسکو پی ایم ڈی یو کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کرتے ہیں جن کے فی الفور ازالے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589346