لیسکوکا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن23 ویں ر وز بھی جاری رہا،مزید 475کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،37 ملزمان گرفتار،ترجمان

142
LESCO

لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن23 ویں ر وز بھی جاری رہا،متعدد بجلی چور گرفتار کر لئے گئے۔ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران تمام سرکل میں مزید 475کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،473بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے256ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ37ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیاہے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں ایک صنعتی،5زرعی،10کمرشل اور459ڈومیسٹک تھے ،

ان تمام کنکشنز کو منقطع کرکے875,478یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 37,081,514روپے ہے۔ترجمان نے بتایا کہ بجلی چوروں کےخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے اور ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کر دیئے گئے ہیں اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق باغبانپوہ میں زرعی کنکشن کو110212یونٹس چوری کرنے پر 2,314,452روپے، فیروزپو روڈ پر کنکشن کو40000 یونٹس چوری کرنے پر1,100,000روپے، اچھرہ میں 40000یونٹس چوری کرنے والے کنکشن کو 1,100,000روپے،امامیہ کالونی میں کنکشن کو9500یونٹس کی چوری پر صارف سے677,678روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق لیسکو ریجن میں 17روز کے آپریشن کے دوران کل14259کنکشن چیک کئے گئے،14127کنکشن کےخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے13314درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اور کل 4653ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی چوروں کو اب تک29,424,716یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1,331,516,512 روپے ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر لیسکو شاہد حیدر بذات خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا اور آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے سہولت کار لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔