لیسکوکی جانب سے بجلی نادہندگان کیخلاف مہم تیز کردی گئی ہے۔ترجمان لیسکو

151
LESCO

لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):ترجمان لیسکو کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر اور کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر کی ہدایات کے مطابق ریجن بھر میں بجلی نادہندگان کیخلاف مہم تیز کردی گئی ہے۔

اسی سلسلے میں ایس ای قصور جمشید زمان کی زیرِ نگرانی ڈی سی ایم شجر حسین نے مختلف ڈیپارٹمنٹ سے مذاکرات کئے اور چند دنوں میں تقریباً55ملین کی ریکوری یقینی بنائی جس میں 31ملین آرمی سے، 13.7ملین ڈسٹرکٹ جیل قصور، لائیو سٹاک پتوکی اور چونیاں سے 8.1ملین، ویٹنری ڈیپارٹمنٹ سے 1.8ملین روپے کے چیک وصول کئے گئے۔ ریکوری مہم کو جاری رکھتے ہوئے ڈی سی ایم شجر عباس نے رینجرز سے میٹنگ کی جس میں رینجرز کی جانب سے جلد ہی 21لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا گیا،ٹی ایم اے قصور کے حوالے سے میٹنگ ڈی سی آفس میں کی جس میں انہوں نے آئندہ چندروز میں 7کروڑ دینے کی یقین دہانی کروائی اور ڈی ایچ کیو کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں 50% رقم دینے کا وعدہ لیا۔دوسری جانب ٹی ایم اے کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کی مد میں 300ملین کا چیک پیش کیا گیا۔

ڈائریکٹر ریکوری رائے مسعود کھرل کے مطابق ٹی ایم اے کے بیشتر دفاتر کے بلز واجب الادا تھے جن میں سے 300ملین کا چیک دیا گیا اور ٹی ایم اے کی جانب سے بقایا واجبات جلد از جلددینے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔ٹی ایم ایز مجموعی طور پر پونے 3 ارب روپے سے زائد کی نادہندہ ہیں اسی طرح واٹر اینڈ سیوریج اتھارٹی لیسکو کی ساڑھے 6 ارب روپے سے زائد کی نادہندہ ہے،

رنگ روڈ اتھارٹی کے ذمے 60 کروڑ سے زائد جبکہ محکمہ ایر ی گیشن اینڈ پاور کے ذمہ واجب الادا رقم 51 کروڑ سے زائد ہے، وزارت ریلوے 41 کروڑ اور ضلعی حکومت لاہور 36 کروڑ اور روپے سے زائد کے نادہندہ ہیں،قصور کی ضلعی حکومت 34 کروڑ جبکہ پنجاب پولیس 29 کروڑ روپے سے زائد کی نادہندہ ہے، محکمہ صحت 26 کروڑ، میو ہسپتال 16 کروڑ، سروسز ہسپتال 11 کروڑ سے زائد کے نادہندہ ہیں، محکمہ جیل خانہ جات کے ذمہ بھی 11 کروڑ روپے سے زائد کی رقم واجب الادا ہے۔