اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):چیئرمین علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاک آرمی ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کی سالمیت اور دفاع افواج پاکستان کی مضبوطی سے مشروط ہے، 9 مئی کو جو بھی ہوا کسی سانحہ سے کم نہیں ہے، ان واقعات میں ملوث افراد دہشت گرد ہیں، ان واقعات میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دی جائے، پوری قوم ا فواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ریاست اور فوج مخالف بیانئے کے خلاف جنگ جیتنے کی ضرورت ہے۔
جمعیت اسلامیہ پاکستان کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ احتجاج ہم نے بھی کئے ہیں مگراحتجاج کے نام پر جو کچھ 9 مئی کوہوا ایسا اس سے پہلے پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگ دہشت گرد ہیں جنہیں عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہری شہریت کے حامل بیرون ممالک مقیم افراد شخصیت پرستی کے بجائے ریاست کے ساتھ وفاداری نبھائیں، بیرون ممالک تعینات پاکستانی سفراء وہاں بسنے والے پاکستانیوں کو سفارتخانے میں بلا کر 9 مئی کے واقعات کی اصل حقیقت ان کے سامنے رکھیں، معاشرہ، معیشت اور اخلاقیات تباہ ہورہے ہیں، ریاست اور فوج مخالف بیانئے کے خلاف جنگ جیتنے کی ضرورت ہے،کیا انسانی حق شہداء اور ان کے لواحقین کا نہیں ہے ؟
اگر انسانی حق ہے تو سب سے پہلے شہداء کے وارثوں کا ہے، لاہور کور کمانڈر ہائوس کی مسجد کو جلانا پاکستانیوں اور مسلمانوں کی سوچ نہیں ہے جو مسجد کی توہین کر رہا ہے وہ ہمارا دوست نہیں ہے، اس معاملے میں کوئی رعایت نہیں برتنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ9 مئی کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں تاہم کسی بے گناہ کو سزا دینے کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 ہزار علماء شہید کیے گئے مگر کسی نے جی ایچ کیو یا کور کمانڈر ہائوس کو نہیں جلایا، بینظیر کی شہادت کے وقت بھی ایسا کچھ نہیں ہوا،کبھی کسی نے پاکستان کے پرچم کی توہین نہیں کی، جس دن علماء ملی کونسل بنی اس دن بھی لاشیں گریں مگر علماء نے سازش کو ناکام بنایا،
انہوں نے کہا کہ ہم محرم سے پہلے بیٹھ کر معاملات طے کرتے ہیں اور ان پر عمل ہوتا ہے، آج سعودی عرب اور ایران مل کر بیٹھ گئے ہیں تو ملک کی سیاسی قیادت کیوں نہیں بیٹھ سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ 11 جون کو الحمراء ہال لاہور میں ایک ہزار سے زائد علماء وطن عزیز اور افواج پاکستان کی حمایت میں جمع ہونگے۔ استحکام پاکستان کانفرنس سے سربراہ جمعیت اسلامیہ پاکستان علامہ غلام اکبر ساقی، علامہ ریاض کھرل سمیت مختلف مکتبہ فکر کے دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔