مائیکروسافٹ کا تنظیمِ نوکے دوران پاکستان سے وابستگی برقرار رکھنے کا عزم

58
مائیکروسافٹ کا تنظیمِ نوکے دوران پاکستان سے وابستگی برقرار رکھنے کا عزم

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):مائیکروسافٹ نے تنظیمِ نوکے دوران پاکستان سے وابستگی برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے روایتی ‘آن-پریمیس’ سافٹ ویئر (جس میں لین دین پر مبنی معاہدے ہوتے ہیں) سے سافٹ ویئر ایز اے سروس(SaaS) یعنی بار بار آمدنی کے حامل ماڈل کی طرف منتقلی کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جو ان کمپنیوں کے بین الاقوامی آپریشنز کے ڈھانچے کو نئی شکل دے رہا ہے۔

مائیکروسافٹ بھی اس رجحان سے مستثنیٰ نہیں۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران،مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنے لائسنسنگ اور کمرشل معاہدوں کے انتظامات کو یورپ میں اپنے آئرلینڈ کے ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا ہے، جبکہ پاکستان میں روزمرہ کی سروس فراہمی کی ذمہ داری مکمل طور پر اس کے مقامی سرٹیفائڈ یافتہ شراکت داروں کے سپرد ہے۔جمعرات کو وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام سے جاری بیان کے مطابق اس پس منظر میں، ہمیں یہ اطلاع ہے کہ مائیکروسافٹ پاکستان میں اپنے لائزان آفس کے مستقبل پر غور کر رہا ہے، جو اس کی عالمی سطح پر ورک فورس کو بہتر بنانے کی ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔

یہ اقدام کمپنی کی دیرینہ حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے جس میں براہ راست ملازمین کی تعداد کو محدود کرتے ہوئے کلاؤڈ بیسڈ اور شراکت داروں کے ذریعے خدمات کی فراہمی کو فروغ دینا شامل ہے،یہ پاکستان سے انخلا نہیں بلکہ شراکت دار پر مبنی ماڈل کی طرف منتقلی ہے۔پاکستان کی وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن عالمی سطح کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ملک میں موجودگی کو نہایت اہم اور اسٹریٹجک قدر کی حامل سمجھتی ہے۔

وزارت مائیکروسافٹ کی علاقائی اور عالمی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی انتظامی تبدیلی پاکستانی صارفین، ڈویلپرز اور چینل پارٹنرز کے لیے مائیکروسافٹ کے طویل مدتی عزم کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مستحکم کرے۔