گلگت۔24فروری (اے پی پی):محکمہ اعلیٰ، تکنیکی و خصوصی تعلیم گلگت بلتستان کے سیکرٹری فرید احمد نے شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ انہوں نے آج گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ چلمش داس اور گلگت کے صحن میں مختلف اقسام کے پودے لگا کر سبز اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن جی بی اویس احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئر عاصم علی، جی آئی زیڈ کے نمائندے، فیکلٹی ممبران اور طلبہ بھی موجود تھے۔
شجرکاری مہم "گرین کیمپس” منصوبے کا حصہ تھی جس میں تمام افسران اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور درخت لگا کر ماحولیات کی بہتری کے لیے عملی قدم اٹھایا۔سیکرٹری فرید احمد نے تعلیمی اداروں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو شجرکاری کا شعور دینا ضروری ہے تاکہ وہ درختوں کی حفاظت اور نگہداشت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی کو روکیں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر فضائی، زمینی اور آبی آلودگی میں کمی لائیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گلگت بلتستان میں ہر سال ماحولیاتی تبدیلیوں اور عالمی حدت کے باعث قدرتی آفات میں اضافہ ہو رہا ہے، جو ایک خطرناک صورتحال ہے۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے، شجرکاری کے فروغ اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر طلبہ نے شجرکاری میں جوش و خروش سے حصہ لیا اور ماحول کے تحفظ کے لیے مسلسل کام کرنے کا عہد کیا۔ اس مہم کا مقصد پائیدار طرز زندگی کو فروغ دینا اور سبز مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہے۔