مادری زبانوں میں لوک ادب کے حوالے سے بچوں میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے،سید جمال شاہ

72
Caretaker Federal Minister for Culture Syed Jamal Shah
Caretaker Federal Minister for Culture Syed Jamal Shah

لاہور۔28فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے کہا ہے کہ مادری زبانوں میں لوک ادب کے حوالے سے بچوں میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے تا کہ لوک ادب کو فروغ دینے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے اردو سائنس بورڈ کے دورہ کے دوران اردوسائنس بورڈ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری کتابوں کی اشاعت کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی قومی زبان میں لکھنے کی ترغیب دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سید جمال شاہ نے کہا کہ قومی ،علمی اور ادبی ادارے معاشرے کی پہچان اور خوبصورتی ہیں۔ اس سے قبل اردو سائنس بورڈ کے ڈائریکٹر ضیا اللہ خان طورو اور ادارے کے افسران نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ڈائریکٹر ضیا اللہ خان طورو نے انہیں بورڈ کے مقاصد، کارکردگی، ادبی سرگرمیوں اور جاری و مستقبل کے اشاعتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

ضیا اللہ خان طورو نے کہا کہ نگران وفاقی وزیر سید جمال شاہ، سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن حمیرا احمد اور ڈائریکٹر جنرل ادار ہ فروغِ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کی رہنمائی میں ادارے کے تشخص اور مطبوعات کے معیار میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیرنے لائبریری اور اردو سائنس کتاب گھر کا دورہ کیا اور بورڈ کے لان میں پودا بھی لگایا۔