مارچ تجدید عہد کا دن ہے،آج ہمیں بحیثیت قوم مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور اسے آگے لیکر جانے کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کا عہد کرنا چاہیے،سینیٹر فیصل جاوید

51

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے، آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور اسے آگے لیکر جانے کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کا عہد کرنا چاہیے، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک اور عوام کی بہتری کیلئے تعمیری کردار ادا کریں۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت معاملہ ذاتیات کا نہیں ملک کا ہے، حکومت، میڈیا، قوم اور تمام ریاستی ادارے اکٹھے ہیں، اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور حکومت کے ساتھ مل کر کرپشن کے خلاف جہاد کرے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ 23 مارچ ایک سنہری دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد ریاست بنانے کا فیصلہ کیا تھا، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور برصغیر کے مسلمانوں نے اس ملک کو بنانے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ سیاسی اور سماجی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملک کو آگے لیکر جانے کے مشن میں حکومت کا ساتھ دیں۔