اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مارگلہ اور گولڑہ ریلوے سٹیشنز کو جدید بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے۔پیر کو وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت گولڑہ اور مارگلہ سٹیشن کی تجدید کے حوالے سےاجلاس منعقدہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔ گولڑہ اور مارگلہ سٹیشن پر جدید طرز کے ریسٹورنٹ بنائے جائیں گے۔
ریسٹورنٹس کی مینجمنٹ کے لیے آؤٹ سورسنگ کی جائے گی، جدید طرز کے الیکٹرک پولز لگائے جائیں گے، عوام کی سہولت کے لئے صاف اور آرام دہ بینچز بھی فراہم کیے جائیں گے، جہاں لوگ جب چاہیں آکر لطف اندوز ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آس پاس کے طلبہ کے لیے جدید کیفیٹیریا بنایا جائے گا۔ ریلوے سٹیشنز کو عوام دوست اور جدید بنانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں اور بہت جلد ان سٹیشنز کو بھی جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کو تحفہ دیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598718