ماضی کی حکومت نے بروقت اور سستی گیس نہیں خریدی، اب گیس کے نرخ بہت بڑھ چکے ہیں ، ڈاکٹر مصدق ملک

66
ماضی کی حکومت نے بروقت اور سستی گیس نہیں خریدی، اب گیس کے نرخ بہت بڑھ چکے ہیں ، ڈاکٹر مصدق ملک

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے بروقت اور سستی گیس نہیں خریدی ،اب گیس کے نرخ بہت بڑھ چکے ہیں ، پچاس فیصد غریبوں کے لئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ، اپوزیشن پنجاب میں مفت بجلی فراہمی کی سہولت پر سیاست کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت نے چار ڈالر سے سولہ ڈالر تک قیمت پر گیس نہیں خریدی ،اب گیس کی قیمت چالیس ڈالر تک پہنچ چکی ہے ، انہیں معلوم تھا کہ گزشتہ سردیوں میں بھی ہمارے پاس گیس نہیں تھی ،اس کے باوجود انہوں نے طویل مدتی معاہدے نہیں کئے حالانکہ ہمارے پاس تین سے چار اضافی گارگو محفوظ رکھنے کی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سردیوں میں صرف گھروں میں گیس کی طلب 1170 ملین کیوبک فٹ ہے جبکہ ہمارے ملکی ذخائر میں 670ملین کیوبک فٹ گیس دستیاب ہے۔ سابق حکومت نے گیس کی اس کمی کو پورا کرنے کے حوالے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ۔

وزیر مملکت نے کہاکہ پی ٹی آئی نے اپنی حکومت جانے سے کچھ عرصہ قبل یہ قانون بنا دیا کہ گیس کی قیمت اوگرا مقرر کرے گا ، اب گیس کی قیمت میں تبدیلی کا اختیار حکومت کے پاس نہیں ہے 2سال سے گیس کی قیمت بڑھائی نہیں گئی ، ہمیں اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہو گا ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاکہ ملک کے پچاس فیصد غریب ترین لوگوں کے لئے گیس کی قیمت نہ بڑھانے کی تجویز ہے ، ہم غریب ترین لوگوں پر اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے تاہم اس حوالے سے فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ غریب لوگ ایل پی جی سے اپنے چولہے جلاتے ہیں جس کی قیمت بہت زیادہ ہے ۔ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کابوجھ ان لوگوں پر ڈالا جائے گا جو برداشت کرنے کی سکت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا فرض ہے کہ غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کرے ، وزیراعظم کا بھی یہی وژن ہے کہ غریبوں کو سہولت فراہم کی جائے ،اس تناظر میں پنجاب میں 100یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے ، اپوزیشن اس پر بھی سیاست کر رہی ہے ۔

وزیر مملکت نے کہاکہ سیاست کا محور عوام کی خدمت ہونا چاہئے ، سیاست الزام تراشی پر مبنی نہیں ہونی چاہئے ، ہم عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں ۔ بعد میں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو بھی پہنچے گا ، ماضی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کرنا مجبوری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اقتصادی ترقی ہو گی ، صنعت کاری ہو گی اور پیداوار بڑھے گی ۔