اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موروثی سیاست کے علمبرداروں نے میثاق ء جمہوریت کے نام پر اپنی اولادوں تک کی باریوں کا شیڈول طے کیا تھا، پاکستان کے عوام نے ان کے جعلی مینڈیٹ کے خلاف عمران خان کو حقیقی مینڈیٹ دے کر ان کا منصوبہ ناکام کردیا۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کا قوم پر لادا ہوا بوجھ اتار رہے ہیں، حکومتی مشکل فیصلوں کے نتیجے میں معیشت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے، مالی سال 2019ء میں ریکارڈ تعداد میں قرضوں کی ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ تجارتی خسارہ 8 فیصد کم ہوا جبکہ ترسیلات زر میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کے علمبرداروں کو تکلیف ہے کہ عمران خان نے پاکستانیوں کو دو خاندانوں کے آمرانہ راج سے آزاد کیوں کرایا؟