مالاکنڈ کے بعد سیاسی مسخرے کو مسترد کرنے پر پارا چنار کے عوام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں،مراد سعید

67

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ مالاکنڈ کے بعد سیاسی مسخرے کو مسترد کرنے پر پارا چنار کے عوام بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہفتہ کو بلاول زرداری کے خطاب پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ چوروں کا ٹولہ ملک میں جہاں بھی جاتا ہے رسوائی کا سامنا رہتا ہے،شکست کے واضح آثار نے سارے ٹولے پر پاگل پن سوار کررکھا ہے،اس سارے خطے کو موت کی وادی پرچی چیئرمین کی جماعت نے بنایا،فرزندِ زرداری کی جماعت شہداء کے وارث نہیں انکے ہاتھ معصوموں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اجازت سے امریکی ڈرون حملے آسمان سے موت برساتے رہے،پرچی چیئرمین کی جماعت نے ملک کو بلیک واٹرز کی چراگاہ بنایا،اپنی تجوریاں بچانے کیلئے پرچی چیئرمین کے والد نے ملکی خودمختاری کو گروی رکھا،اسلاموفوبیا پر امت کی آواز ابھرتے دیکھ کر پرچی چیئرمین نے او آئی سی میں رخنہ اندازی کی دھمکی دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کو وزیراعظم کے باغیرت جواب سے پرچی چیئرمین اور والد کی کانپیں ٹانگیں،کراچی سے خیبر تک متحرک عوام پیغام دے رہی ہے کہ دوبارہ لٹیروں کی باتوں میں نہیں آئیں گے، عدم اعتماد کی تحریک قدموں تلے روندتے ہوئے کل لاکھوں لوگ پریڈ گراؤنڈ سے ڈاکوؤں کے اس ٹولے کو پیغام بھیجیں گے۔