اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):زرعی شعبے میں اچھی کارکردگی کی وجہ سے اقتصادی شرح نمو میں اضافہ ہوا، زراعت کے شعبے میں یہ گزشتہ 19 سال کے دوران سب سے زیادہ ترقی ہے، مالی سال 2023-24 کے دوران زراعت کے شعبے میں ترقی کی شرح نمو 6.25 فیصد رہی۔منگل کو اقتصادی سروے میں بتایا گیا کہ گندم چاول اور کاٹن کی فصلوں میں بہتری سے زراعت کے شعبے میں ترقی ہوئی اور مالی سال 2023-24 کے دوران زرعی شعبے میں ترقی کی شرح 6.25 فی صد رہی ۔
صنعتی شعبے میں بھی مثبت شرح نمو ریکارڈ کی گئی اور مالی سال 2023-24 کے دوران کاٹن کی پیداوار میں 108 فیصد کا اضافہ ہوا اور 10.2 ملین بیلز کی پیداوار ہوئی، چاول کی پیداوار میں 34.8 فیصد کا اضافہ ہوا اور 9.87 ملین ٹن کی پیداوار ہوئی ،گندم کی پیداوار میں بھی 11.6 فیصد کا اضافہ ہوا اور 31.44 ملین ٹن کی پیداوار ہوئی۔لائیو سٹاک کا زراعت کے شعبے میں حصہ 60.84فیصد رہا جبکہ جی ڈی پی میں لائیو سٹاک کی شرح 14.63 فیصد رہی ،لائیو سٹاک کے شعبے میں ترقی کی شرح نمو 3.89 فیصد رہی۔