مالی سال21ء کی پہلی ششماہی ،کارکنوں کی ترسیلات زر 24.9فیصد زائد ریکارڈ

60
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

راولپنڈی۔17جنوری (اے پی پی):مالی سال21ء کی پہلی ششماہی میں کارکنوں کی ترسیلات زر 24.9فیصدزائد ریکارڈ کی گئیں ۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کے جاری اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ممالک کے لحاظ سے ترسیلات میں خاصا تنوع رہا ۔ مالی سال21ء کی پہلی ششماہی میں بیشتر ترسیلات سعودی عرب( 4.0ارب ڈالر) ، متحدہ عرب امارات( 3.0ارب ڈالر )،برطانیہ( 1.9ارب ڈالر )اور امریکہ سے (1.2ارب ڈالر ) آئیں۔رپورٹ کے مطابق ماہ دسمبر میں بیرون ملک کارکنوں کی ترسیلات زر نے مسلسل ساتویں مہینے اپنی مستحکم رفتار برقرار رکھی اور یہ ترسیلات مزید بڑھ کر 2.4ارب ڈالر ہوگئیں جو کہ سالانہ بنیاد پر 16.2فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 4.2فیصد نمو ہے۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ کارکنوں کی ترسیلات میں مستحکم نمو کا سبب باضابطہ ذرائع سے رقوم بھجوانے کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت اور اسٹیٹ بینک کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں باضابطہ ذرائع کا استعمال بڑھنا ہے ۔اسی طرح کووڈ 19کی دوسری لہر کے باعث بیرون ملک سفرمحدود ہوا اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی زر مبادلہ مارکیٹ بھی سازگار رہی۔