23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںمانسہرہ ، پولیس کا سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل مکمل طور پر فعال،...

مانسہرہ ، پولیس کا سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل مکمل طور پر فعال، فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری

- Advertisement -

مانسہرہ۔ 16 اپریل (اے پی پی):ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی براہ راست نگرانی اور ہدایات پر قائم کردہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل پوری طرح فعال ہے جو سوشل میڈیا پر شرپسند عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں، فرقہ وارانہ مواد اور انتشار انگیز پوسٹس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل کی جانب سے اب تک متعدد افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں کی جا چکی ہیں جو سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد، بے بنیاد الزامات اور فرقہ واریت کو ہوا دینے میں ملوث پائے گئے۔ ان اقدامات کا مقصد ضلع میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھنا اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔

ان عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں جو بیرونِ ملک یا پاکستان کے دیگر شہروں سے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز تبصرے، پوسٹس اور فرقہ وارانہ مواد شیئر کر کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان افراد کو وارننگ دی جاتی ہے کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جس میں ان کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کو بلاک کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔ بیرون ملک مقیم افراد کو بین الاقوامی قوانین کے تحت ڈی پورٹ کرانے کے لیے بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

- Advertisement -

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا ہے کہ مانسہرہ میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے قیام میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو غلط مقاصد کے لیے استعمال کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582721

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں