ماڈل چائلڈ ویلفیئر سینٹر ہمک میں "دی آرٹ آف پیرنٹنگ” کے موضوع پر سیشن کا انعقاد

98

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق کےزیراہتمام ماڈل چائلڈ ویلفیئر سینٹر ہمک میں قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) نے "دی آرٹ آف پیرنٹنگ” کے موضوع پر ایک جامع سیشن کا انعقاد کیا ۔ اس تقریب میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے والدین، معروف تنظیموں کے ماہرین اور معزز مہمانوں نے تفصیلی مشاورت اور مباحثہ کیا ۔ ماہرین نے والدین کو آغوش اور پرورش گائیڈز کے بارے میں جامع طور پر آگاہ کیا جس میں پیدائش سے لے کر 19 سال تک بچے کی نشوونما کا احاطہ کیا گیا ۔ والدین روزانہ کی ترقیوں، طریقوں اور چیلنجوں کے ساتھ ماضی اور حال کے رجحانات پر تفصیلی بات چیت میں مصروف رہے۔

شراکت دار تنظیموں، دختران پاکستان، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائیکالوجی، آغا خان یونیورسٹی، آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بہترین طریقوں اور پیروی کرنے میں آسان تجاویز کا اشتراک کیا۔ عمروں کے فاصلے کو ختم کرنے، جدید ترین گیجٹس اور رجحانات کے فائدہ مند استعمال کے لیے بچوں کے ساتھ سلوک اور زندگی میں شراکت دار کے طور پر والدین کی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر چلڈرن لائبریری کمپلیکس پنجاب احمد خاور شہزاد نے آغوش اور پرورش کے دستورالعمل کے تکنیکی پہلوئوں اور والدین کے فن پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ والدین کے رویے ان کے بچوں پر ظاہر ہوتے ہیں۔ این سی ایس ڈبلیو ان دستورالعمل کے ذریعے اور انٹرایکٹو سیشنز کی میزبانی کے ذریعے ،جس کا مقصد والدین کو بااختیار بنانا، کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینا اور جامع ترقی کو فروغ دینا ہے، یقین رکھتا ہے کہ والدین کو بااختیار بنا کر اور پرورش کے فن کو فروغ دے کر ہم آنے والے کل کو روشن بنانا یقینی کر سکتے ہیں۔