متاثرین سیلاب کی بحالی اور تعمیرنو کے سنگین چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے بے پناہ وسائل درکار ہوں گے، وزیراعظم  

132

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں پوری طرح مصروف عمل ہے، متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو کے سنگین چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے بے پناہ وسائل درکار ہوں گے، پاکستان اور امریکہ کے باہمی احترام، اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی تعلقات میں تعمیری اور پائیدار روابط کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے کانگریس وومن شیلا جیکسن لی کی قیادت میں امریکی وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وفد میں کانگریس مین تھامس سوزی اور آل گرین شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے امریکی کانگریس کے وفد کی نازک صورتحال میں دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں پوری طرح مصروف عمل ہے، 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، 1300 سے زیادہ اموات ہوئیں، زراعت، لائیو سٹاک، املاک اور انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ بحالی اور تعمیرنو کے دوران سنگین چیلنجز درپیش ہوں گے جس کیلئے بے پناہ وسائل اور عزم کی ضرورت ہے، اس تناظر میں بین الاقوامی برادری کی طرف سے مسلسل حمایت، یکجہتی اور امداد اہم ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موجودہ تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعمیری اور پائیدار بات چیت کی ضرورت پر زور دیا جو باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کاربن کے سب سے کم اخراج والے ممالک میں شامل ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی یافتہ ممالک کو اپنی آب و ہوا کو صاف شفاف بنانے کیلئے آگے آنا چاہئے جس میں ترقی پذیر دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے پیشن گوئی کے مطابق وسائل کی فراہمی بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے امریکہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے فراہم کی گئی امداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے وفد کا دورہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیمانے کے حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ امداد کو متحرک کرنے میں مدد دے گا۔ واضح رہے کہ کانگریس کا تین رکنی وفد 4 ستمبر سے پاکستان کے دورہ پر ہے۔ وفد نے اس دوران سندھ کا دورہ کیا تاکہ نقصانات اور متاثرین کی تکالیف کا جائزہ لیا جا سکے۔

وفد نے اس دوران اہم فریقین کے ساتھ ملاقاتیں کیں تاکہ متاثرین کی بحالی کی کوششوں میں مدد کے طریقے تلاش کئے جا سکیں۔ کانگریس وومن شیلا جیکسن لی نے سیلاب متاثرین خصوصاً اپنے پیاروں سے بچھڑنے والوں کیلئے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پاکستانی قوم اس آفت سے عزم و ہمت کے ساتھ نمٹے گی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکی کانگریس اور انتظامیہ اس بڑے چیلنج میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی اور متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے اور تعمیرنو میں بھرپور مدد فراہم کرے گی۔