متحدہ عرب امارات ، رواں سال ٹریول اینڈ ٹورازم سیکٹر میں 26400 ملازمتوں کا اضافہ ہو گا

48
World Travel and Tourism Council
World Travel and Tourism Council

ابوظہبی ۔7جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں 2025 کے دوران ٹریول اینڈ ٹورازم سیکٹر میں ملازمتوں میں 26 ہزار 400 کا اضافہ ہو گا ،جس کے بعد اس شعبہ میں ملازمتوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 25 ہزار تک پہنچ جائے گی جو گزشتہ سال کے اختتام پر 8 لاکھ 98 ہزار600 تھی۔اردو نیوز کے مطابق ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل نے نئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں سال سیاحت کے شعبے میں ملازمتوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہو گی۔2024 میں تقریباً 24 ہزار نئی ملازمتیں فراہم کی گئی تھیں۔ امارات میں ہر 8 میں سے ایک ملازمت کا تعلق ٹریول اینڈ ٹورزم سیکٹر سے ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق امارات نے مشرق وسطی میں سیاحت کے شعبے میں دستیاب ملازمتوں کا 12.3 فیصد حصہ حاصل کیا،خطے میں اس شعبے سے منسلک افراد کی مجموعی تعداد 7.3 ملین تک پہنچ چکی ہے۔ آنے والے سالوں میں ٹریول اینڈ ٹورازم سیکٹر سے وابستہ افراد کی تعداد امارات میں 10 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2025 تک امارات کی معیشت میں سیاحتی شعبے کا حصہ 267.5 ارب درہم تک پہنچنے کا امکان ہے جو مجموعی پیداوار کا 13 فیصد ہے۔

علاوہ ازیں اماراتی وزارت معیشت و سیاحت کا کہنا ہے کہ سیاحتی شعبہ ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، اس وقت جی ڈی پی میں حصہ 13 فیصد ہے، 2031 تک اسے 17 فیصد تک پہنچانے کا ہدف ہے۔وزارت کے اعدادوشمار کے مطابق 2024 میں امارات میں ہوٹلوں کی آمدنی 45 ارب درہم رہی جو 2023 کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔

ہوٹلوں میں رہائش کی اوسط شرح 78 فیصد ریکارڈ کی گئی جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ امارات میں 2024 کے اختتام تک ہوٹلوں کی مجموعی تعداد 1251 تک پہنچ چکی ہے، ان ہوٹلوں میں دستیاب کمروں کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 16 ہزار 966 تک پہنچ چکی ہے جن میں ایک سال کے دوران 3 فیصد کا اضافہ ہوا۔