متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کے درمیان انسداد بدعنوانی تعاون کے معاہدے پر دستخط

128

ابوظہبی۔4مارچ (اے پی پی):متحدہ عرب امارات احتسابی اتھارٹی نے ہانگ کانگ کے خصوصی انتظامی خطے کی انسداد بدعنوانی کے لئے آزاد کمیشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ معاہدہ عالمی سطح پر انسداد بدعنوانی کی کوششوں کو مستحکم کرنے اور حکمرانی و شفافیت کے نظام کو فروغ دینے کے لئے کیا گیا ہے۔

سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ یہ معاہدہ ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات احتسابی اتھارٹی کے صدر دفتر میں ایک سرکاری دورے کے دوران طے پایا، جہاں اتھارٹی کے چیئرمین، حمید عبید ابو شِیبس نے کمیشن کے وفد کا خیرمقدم کیا، جس کی قیادت ڈینی وو کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈینی وو نے اتھارٹی کے تربیتی مراکز کا دورہ کیا اور ادارے کی کارروائیوں سے متعلق معلومات حاصل کیں۔مفاہمتی یادداشت دونوں اداروں کے درمیان مشترکہ تعاون کا ایک مؤثر فریم ورک فراہم کرتی ہے،

جس کے تحت مہارت اور وسائل کو یکجا کر کے بدعنوانی کے خلاف عالمی کوششوں کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔ بات چیت کے دوران بین الاقوامی سطح پر بدعنوانی کے خلاف مؤثر حکمت عملی، عوامی وسائل کے تحفظ اور انسدادِ بدعنوانی میں کامیاب تجربات کے تبادلے پر غور کیا گیا۔یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات احتسابی اتھارٹی کی عالمی سطح پر نمایاں ریگولیٹری اداروں کے ساتھ انضمام کو فروغ دینے اور انسدادِ بدعنوانی کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔یہ اقدام متحدہ عرب امارات کو گورننس اور شفافیت کے بہترین معیارات اپنانے والے ایک جدید عالمی مرکز کے طور پر مستحکم کرتا ہے۔