اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) رواں مالی سال کے 8 مہینوں میں متحدہ عرب امارات اورخلیج تعاون کونسل کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے زرمبادلہ ملک بجھوانے میں اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2018ءسے لیکر فروری 2019ءتک متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 3036.38 ملین ڈالر کازرمبادلہ پاکستان بجھوایا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6.75 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 مہینوں میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 2844.49 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک بجھوایا تھا۔فروری 2019ءمیں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 335.66 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کیں۔ فروری 2018ءمیں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 332.18 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق فروری 2019ء میں ابوظہبی میں مقیم پاکستانیوں نے 104.79 ، شارجہ میں مقیم پاکستانیوں نے 1.74 ملین ڈالر اوردبئی میں مقیم پاکستانی شہریوں نے 227.06 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کیں۔اعدادوشمارکے مطابق سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ریاستوں میں مقیم پاکستانیوں نے جولائی 2018ءسے لیکر فروری 2019ءتک 1374.61 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک بجھوایا۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ریاستوں میں مقیم پاکستانیوں نے 1464.34 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔