متحدہ عرب امارات میں ایک ارب ڈالرمالیت کی کیپٹاگون سمگل کرنے کی کوشش ناکام، 6 مشتبہ افراد گرفتار

101
کیپٹاگون

دبئی ۔15ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں حکام نے ایک ارب ڈالر (3.87 ارب درہم) سے زیادہ مالیت کی کیپٹاگون گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے اور 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 13 ٹن سے زیادہ ایمفیٹامین پر مبنی نشہ آور گولیاں ضبط کی ہیں۔ کبھی اس کو قانونی دوا سمجھاجاتا تھا لیکن اب بیشتر ممالک میں اس کا استعمال ممنوع ہے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید آل نہیان نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی سے متعلق ایکس پرایک وڈیو جاری کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی حکام مشتبہ افراد کی نگرانی کر رہے ہیں، ان کا سراغ لگا رہے ہیں اور آخرکار انھیں پکڑنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔اماراتی حکام نے اس کارروائی کو آپریشن سٹارم کا نام دیا ہے۔انھوں نے بڑی مقدار میں منشیات کی سمگلنگ سے متعلق خفیہ معلومات پر یہ کارروائی کی تھی۔

پانچ کنٹینروں میں 651 دروازوں اور 432 آرائشی پینلز میں منشیات کی یہ بھاری مقدار چھپائی گئی تھی۔حکام نے پہلے مشتبہ شخص کا سراغ لگایا تھا اور پانچ کنٹینروں میں سے تین کووصول کرنے کے بعد اسے گرفتار کرلیا تھا۔پھر ٹیموں نے باقی گینگ کو پکڑنے کے لیے ایک صنعتی علاقے میں غیر قانونی شپمنٹ کا تعاقب کیا تھا۔

دوسرے مشتبہ شخص کو دبئی میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ تیسرے شخص کو ایک دوسر ی اماراتی ریاست سے گرفتار کیا گیا ہے۔وہ بھی ضبط کیے گئے تین کنٹینروں کی شپمنٹ سے منسلک ہے۔چوتھے اور پانچویں مشتبہ شخص کو منشیات ذخیرہ کرنے والے باقی دو کنٹینرز کا دعویٰ کرنے پر ٹریک کیا گیا اور کسٹمز سے شپمنٹ کلیئر کرنے کے لیے پہنچنے پرانھیں گرفتار کر لیا گیا۔

چھٹے اور آخری مشتبہ شخص کو آخری دو کنٹینرکی شپمنٹس کا سراغ لگانے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا جہاں اس نے شپمنٹ کو ایک گودام میں اتارنے کے لیے قبول کیا تھا۔مزید کہا گیا ہے کہ یہ کھیپ ایک مال بردار جہاز پر لائی گئی تھی اور اسے دوسرے ملک کے لیے روانہ ہونا تھا۔