متحدہ عرب امارات کا ایلون مسک کے تعاون سے10 ارب ڈالر کے زیر زمین ٹرانسپورٹ منصوبے ’’دبئی لوپ‘‘کا اعلان

123

دبئی۔13فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے امریکی صدر کے مشیر خاص ایلون مسک کے تعاون سے دبئی کے زیر زمین ٹرانسپورٹ منصوبے ’’دبئی لوپ‘‘کا اعلان کیا ہے جس پر لاگت کا تخمینہ 10 بلین ڈالر ہے۔عرب نیوز کےمطابق دبئی لوپ کا اعلان ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر جمعرات کو کیا گیا ہے ،

متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے مصنوعی ذھانت (اے آئی)عمر العلامہ نے کہا ہے کہ منصوبہ دبئی کے گنجان آباد علاقوں کا احاطہ کرے گا اور لوگوں کو ایک شہر سے دوسرے شہر وں زیر زمین بلا تعطل آمد و رفت کی سہولت میسر کرے گا۔اس موقع پر ایلون مسک نے کہا کہ یہ ایک ورم ہول کی طرح ہو گا جو ایک شہر سے شروع ہو گا اور دوسرے شہر سے باہر آئے گا ۔ مسک کی تعمیراتی "بورنگ کمپنی” نے کیلیفورنیا اور لاس ویگاس میں زیر زمین ٹریفک سرنگیں بنائی ہے جن کا 2018 میں دوبارہ تجربہ کیا گیا۔

مسک کے مطابق یہ سرنگیں تیز رفتار نقل و حمل، ٹریفک میں کمی اور پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم جیسے سب ویز کے بہتر متبادل کا وعدہ کرتی ہیں۔جب ان سے سرنگوں میں حفاظت کے حوالے سے تنقید کے بارے میں پوچھا گیا تو مسک نے کہا کہ مثال کے طور پر زلزلے کے دوران محفوظ ترین مقامات میں سے ایک مقام سرنگ ہوگی۔مسک نے کہا کہ سرنگ میں رہنا آبدوز میں ہونے کے مترادف ہے،

یہاں تک کہ اگر آپ کے اوپر کوئی طوفان ہو تو آبدوز کے ارد گرد پانی پرسکون ہوتا ہے ،ہوائی نقل و حمل جیسے کہ فلائنگ ٹیکسیوں اور ہیلی کاپٹروں کے مقابلے میں زیر زمین سفر بہت زیادہ موثر اور محفوظ ہے۔ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر ان کے تبصرے ’بورنگ سٹیز، اے آئی اور ڈوج‘ کے عنوان سے ایک سیشن کے دوران سامنے آئے ہیں ۔