ابوظہبی۔13جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کو فوجی نشانہ بنانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق امارات کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتہائی ضبط، تدبر، اور کشیدگی کے پھیلاؤ سے گریز نہایت ضروری ہے۔
بیان میں متحدہ عرب امارات کے اس مؤقف کو دہرایا گیا کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری، ریاستوں کی خودمختاری کا احترام، اور مکالمے کا فروغ ایسے بنیادی اصول ہیں جن کے ذریعے موجودہ بحرانوں کا پُرامن حل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔امارات نے زور دیا کہ تنازعات کا حل محاذ آرائی یا تصادم کے ذریعے نہیں بلکہ سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔
بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے فائر بندی کو یقینی بنائے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو بحال کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔متحدہ عرب امارات نے خطے میں جاری کشیدگی اور اس کے علاقائی سلامتی و استحکام پر اس حملے کے ممکنہ اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔