متحدہ عرب امارات کی جانب سے سٹیٹ بینک کوایک ارب ڈالرکے ڈیپازٹ موصول ہوگئے ، جولائی کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 14 سے 15 ارب ڈالرتک پہنچانا ہمارا ہدف ہے ، وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی نیوزکانفرنس

100

اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے سٹیٹ بینک کوایک ارب ڈالرکے ڈیپازٹ موصول ہوگئے ہیں، ، جولائی کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر کو 14 سے 15 ارب ڈالرتک پہنچانا ہمارا ہدف ہے ، پاکستان اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام ضرورحاصل کرے گا۔

بدھ کویہاں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ تھوڑی دیر پہلے ہمیں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ برادر اور دوست ملک متحدہ عرب نے ایک ارب ڈالرسٹیٹ بینک کے اکائونٹ میں ڈیپازٹ کرادئیے ہیں، فیڈرل ریزروبینک جو کلیئرنگ ہائوس ہے، نے بھی اس کی تصدیق کی ہے ۔الحمدللہ اس اقدام سے سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ اس سے پہلے سعودی عرب نے دوارب ڈالرسٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ کرادئیے تھے ، دودن میں زرمبادلہ کے ذخائر میں تین ارب ڈالر کا اضافہ ہواہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ سٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر کے ہفتہ واراعدادوشمارمیں اس کی عکاسی ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ ماضی قریب میں یواے ای نے پاکستان کے ساتھ ایک ارب ڈالر کی معاونت کا اعلان کیاتھا، میں وزیراعظم محمدشہبازشریف ، آرمی چیف سید عاصم منیر پاکستانی عوام اوراپنی طرف سے یواے ای کی قیادت کامشکورہوں کہ انہوں نے ہمیشہکی طرح پاکستان کی مددکی ہے، پاکستان گزشتہ چند ماہ میں مشکل دورسے گزراہے، یواے ای نے دوستی کا ثبوت دیاہے، وزیراعظم کے دورہ یواے ای میں پاکستان کیلئے معاونت کا اعلان ہواتھا۔ یواے ای کی جانب سے چند روز پہلے آرمی چیف اورمجھے بھی یہ پیغام ملاتھا ۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان کے زرمبادلہ کی پوزیشن بہتری کی طرف گامزن ہے ، ہمارا ہدف ہے کہ جولائی کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر کو 14 سے لیکر15 ارب ڈالرتک پہنچایا جائے، وزیراعظم نے اقتدارسنبھالا تو اس وقت ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر اسی سطح پرتھے تاہم ہمیں اربوں ڈالرکی ادائیگیاں کرناتھیں، الحمدللہ اپریل 2022 سے اب تک تمام بین الاقوامی ادائیگیاں وقت پرہوئی ہیں جو لوگ راگ الاپ رہے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائیگا، وہ وقدرتی موت مرچکے ہیں، پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے، ہمارا آنیوالا ہر دن پچھلے دن سے بہتر ہوگا،

میرا ایمان ہے کہ پاکستان انشاء اللہ اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا وہ مقام ضرورحاصل کرے گا جس کا خواب بابائے قوم نے دیکھا اورجس کیلئے وزیراعظم نوازشریف نے عملی کام کیا، بدقسمتی گزشتہ پانچ سال پاکستانیوں نے جو سیاسی تماشہ دیکھا وہ قابل افسوس ہے، جس طرح ایک امپورٹڈ اور سیلیکٹدحکومت کو مسلط کیا گیا اس سے جو نقصانات ہوئے ہیں ہم ملک کواس صورتحال سے نکال رہے ہیں۔