ابوظہبی۔12جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے خلیجی ممالک کے لیے چارٹرڈ سروس کا آغازکر دیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایمریٹس کی اس چارٹر ڈسروس سے سعودی عرب، بحرین، کویت، سلطنت عمان اور متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں کا سفر کیا جا سکتا ہے۔
دبئی کے آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے سفر کے لیے وینم 100ساخت کے طیارے کرائے پر حاصل کیے جا سکتے ہیں،یہ 2 انجن والا جدید طیارہ ہے، جس میں چار مسافروں کی گنجائش ہے۔ مسافروں کو دوران پرواز ٹھنڈے مشروبات اور ریفریشمنٹ پیش کی جائےگی ۔ہر مسافر کو 15 کلو کا بیگ اور بریف کیس لے جانے کی اجازت ہو گی۔
اس سروس کو شروع کرنے کا مقصد ایسے افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے جو زیادہ مصروف ہوتے ہیں اورآزادانہ طریقے سے سفر کرنا چاہتے ہیں۔ ایمریٹس کا کہنا ہے کہ چارٹرڈ سروس سے سفر کرنے والوں کو دبئی ایئر پورٹ آنے، کسٹم اور امیگریشن میں وی آئی پی سہولت فراہم کی جائے گی۔