متحدہ عرب امارات کی فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی خودمختاری کے بیان کی شدید مذمت

46

دبئی ۔4جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیر انصاف یاریو لیوین کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خودمختاری نافذ کرنے کے مطالبے کو شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اس بیان کو ایک سنگین اشتعال انگیزی اور بین الاقوامی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وام کے مطابق امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات ان تمام اشتعال انگیز بیانات اور اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، جن کا مقصد مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی حیثیت کو تبدیل کرنا ہے۔

وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی کارروائیاں خطے میں مزید کشیدگی اور عدم استحکام کو ہوا دیتی ہیں اور امن و استحکام کے قیام کی کوششوں میں رکاوٹ بنتی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ امارات، مشرق وسطیٰ میں امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے علاقائی و عالمی سطح پر جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے، اور ان تمام غیرقانونی اقدامات کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتا ہے، جو فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ وزارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات، امن، انصاف اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی اصولی پالیسی پر قائم ہے۔

مزید کہا گیا کہ عالمی برادری کو فوری طور پر فائر بندی کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں و پورے خطے میں صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔ امارات نے ایک جامع اور منصفانہ امن کے قیام کی تمام کوششوں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔