متحدہ عرب امارات کے سفیر کا پاکستان میں سیلابی صورتحال پر افسوس کا اظہار،امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

122
United Arab Emirates
United Arab Emirates

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے پاکستان کی حکومت اور برادر عوام سے ملک بھر میں آنے والے حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثرین کےلئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق سفیر نے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے پاکستان کے لیے انسانی امداد کا ایک فضائی پل قائم کیا گیا ہے جو پاکستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان، پناہ گاہوں کا سامان اور انسانی ضروریات کی ترسیل کرے گا، اس امداد میں خوراک، ادویات خیمے اور دوسرا ضروری سامان شامل ہے جس کا مقصد متاثرہ آبادی کی تکالیف کو کم کرنا اور ان کی مدد کرنا ہے۔

بیان کے مطابق پہلا اماراتی امدادی طیارہ اتوار کو اسلام آباد میں پہنچا جس میں خوراک ادویات اور پناہ گاہوں کے لئے خیمے اور مختلف امدادی سامان تھا، اس کے بعد متعدد دیگر امدادی طیارے پاکستان میں حالیہ سیلاب اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے مدد فراہم کریں گے۔ بیان کے مطابق یہ امدادی پروگرام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے اور یہ کہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ دہائیوں کے دوران بہت سے انسانی بحرانوں میں خاص طور پر قدرتی آفات میں پاکستان اور پاکستانی عوام کی مدد کی ہے۔

یواے ای کی قیادت کی ہدایت پر سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں متاثرہ علاقوں کے لیے انسانی امداد لوگوں کو مدد فراہم کرنے اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانے کی ترجیح پر مبنی ہے اور ضرورت مند لوگوں کے لیے انسانی ترقی میں متحدہ عرب امارات کی قیادت کے اصولوں کے مطابق ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری فلاحی تنظیمیں جیسے کہ یو اے ای ریڈ کریسنٹ، خلیفہ بن زید آل نہیان فائونڈیشن اور دیگر خیراتی ادارے پاکستانی متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر بارشوں اور سیلاب متاثریں کے لئے ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں متاثرہ لوگوں میں امدادی طبی سامان اور خیمے کامیابی سے تقسیم کررہے ہیں، صوبہ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں ایک موبائل کلینک بھی لوگوں کا علاج کررہا ہے۔

بیان میں مشکل وقت میں پاکستان کے برادر عوام کی حمایت کے لیے متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کے تعاون اور شراکت داری سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔