متحدہ عرب امارات، ابوظہبی میں جی42 گروپ کا مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید پروکیورمنٹ پلیٹ فارم متعارف، خریداری کے عمل میں 40 فیصد تک کمی کا دعویٰ

60

دبئی ۔4جولائی (اے پی پی):ابوظہبی میں قائم عالمی ٹیکنالوجی گروپ "جی42” نے اپنے ذیلی ادارے "انسیپشن” کے ذریعے تیار کردہ ایک جدید ترین اے آئی پلیٹ فارم "(ان)بزنس پروکیورمنٹ” کے اجراء اور عملی نفاذ کا اعلان کیا ہے، جو تنظیمی خریداری کے عمل میں انقلابی بہتری لانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والا پلیٹ فارم نہ صرف سپلائرز کی تلاش، معاہدوں کی ذہین جانچ، اور خرچ کے تجزیے جیسے مختلف ماڈیولز پر مشتمل ہے،

بلکہ موجودہ سسٹمز کے ساتھ باآسانی ضم ہو کر تنظیمی خریداری کو ایک تیز رفتار، باڈیٹا اور چابکدست نظام میں تبدیل کرتا ہے۔جی42 نے نہ صرف ابوظہبی میں انٹرپرائز پروکیورمنٹ میں اے آئی متعارف کرانے میں پہل کی ہے، بلکہ انسیپشن کے اس حل کو اپنانے والی پہلی تنظیم بھی بن گئی ہے۔ اس اقدام کو متحدہ عرب امارات کے ویژن کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے،

جس کا مقصد کارپوریٹ آپریشنز میں مصنوعی ذہانت پر مبنی مقامی ٹیکنالوجی کا اطلاق ہے۔اس موقع پر جی42 کے گروپ سپلائی چین کے نائب صدر، ڈاکٹر آصف اشرف نے کہاکہ ہم نے تین ماہ کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم کو کم کر کے صرف دس دن کر دیا ہے۔ یہ صرف رفتار نہیں بلکہ رسک مینجمنٹ، سپلائر کمپلائنس اور خرچ کے تمام شعبوں میں شفافیت کے لحاظ سے بھی ایک بڑی پیش رفت ہے۔