اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمنٹرین سید امین الحق نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی حیثیت سے فرائض سنبھال لئے۔ سید امین الحق کے پاس اپریل 2020 سے مارچ 2022 تک وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کا قلمدان رہا۔
اس عرصے میں چاروں صوبوں میں اربوں روپے کے ٹیلی کمیونیکیشن منصوبے شروع کئے گئےاور آئی ٹی برآمدات ملک کی تاریخ میں بلند ترین سطح تک جاپہنچیں، فری لانسرز کا وسیع نیٹ ورک قائم ہوا۔
قلمدان سنبھالنے کے بعدسید امین الحق نے کہا کہ اپنے دور میں وزارت کے جو منصوبے زیر تکمیل ہیں انہیں تیزی سے مکمل کیا جائے گا، انشا اللہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رہے گا۔انہوں نے کہا کہ امید ہے وزیراعظم شہباز شریف حکومت میں آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے کی اہمیت وحیثیت مزید نمایاں ہوگی۔