مجھے گورنمنٹ کالج لاہور کا طالب علم (راوین)ہونے پر فخر ہے، وزیر اعظم محمد شہبازشریف

152
محمد شہباز شریف
قصور کے عوام نے نواز شریف کے ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر اپنی مہر تصدیق ثبت کی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کا ٹویٹ

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مجھے گورنمنٹ کالج کا طالب علم (راوین)ہونے پر فخر ہے۔اولڈ راوین یونین کے وفد سے ملاقات نے زمانہِ طالب علمی کے اس دور کی یاد تازہ کردی جب گورنمنٹ کالج لاہور میں ہم زیر تعلیم تھے۔ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ وہ سنہری دور تھا جب اساتذہ اپنے طالب علموں کی اپنے بچوں کی طرح تعلیم و تربیت کیلئے دن رات محنت کرتے تھے اور شاگرد اپنے اساتذہ کی قدر کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھتے تھے۔

ماضی پر نظر دوڑاتا ہوں تو اپنے ہم جماعت اور دوست یاد آتے ہیں جن میں سے بہت سے اللہ کو پیارے ہوگئے۔ان کے ساتھ گزرا وقت ایسی نا قابلِ فراموش یادیں ہیں کہ جنکو جب بھی یاد کروں تو آنکھیں خوشی و غم کے ملے جلے جذبات سے اشکبار ہو جاتی ہیں.وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے ایک راوین، یعنی گورنمنٹ کالج کا طالب علم ہونے پر فخر ہے۔ میری یہ دعا ہے کہ یہ عظیم مادر علمی رہتی دنیا تک علم کی روشنی پھیلاتا رہے اور اس کے طالب علم پوری دنیا میں اسکا نام روشن کرتے رہیں۔