محرم الحرام ، شہریوں میں احساس تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھکر میں پولیس پاک آرمی رینجز ٹریفک پولیس ایلیٹ فورس کا فلیگ مارچ

40

بھکر۔ 04 جولائی (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران قیامِ امن اور شہریوں میں احساسِ تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس، پاک آرمی، رینجرز، ٹریفک پولیس اور ایلیٹ فورسز کے اشتراک سے مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ایس پی انوسٹیگیشن شوکت علی نے کی، جس میں ضلعی پولیس، پاک آرمی، رینجرز، ٹریفک پولیس اور ایلیٹ فورس کے افسران و جوانوں نے بھرپور شرکت کی۔مارچ کا آغاز پولیس لائنز بھکر سے ہوا جو شہر کے مختلف علاقوں، جلوس روٹس اور حساس مقامات سے گزرتا ہوا دریا خان تک پہنچا اور وہیں سے واپس پولیس لائنز میں اختتام پذیر ہوا۔

اس موقع ایس پی شوکت علی نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عشرہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو تحفظ کا احساس دلانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا پیشگی تدارک کرنا ہے۔ضلع بھکر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا ءکو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہو کر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شرپسند یا قانون شکنی کے مرتکب عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔