محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے رابطہ سیل اور امن کمیٹیاں ہر سطح پر کام کر رہی ہیں،چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب

191

لاہور۔4اگست (اے پی پی):چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ منبر ومحراب کی وجہ سے آج ملک میں امن قائم ہے، تمام سیاسی قوتوں کو مل کر اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا تاکہ ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے،محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے رابطہ سیل اور امن کمیٹیاں ہر سطح پر کام کر رہی ہیں، پاکستان کی سلامتی کے خلاف پراپیگنڈہ بند کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرا ت کے روز یہاں جامعہ منظور الاسلام میں محرم الحرم کے دوران امن وامان کے قیام کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا سید ضیا اللہ شاہ بخاری، علامہ زبیر عابد، پروفیسر ظفر اللہ شفیق ، مفتی محمد علی نقشبندی ،مولانا رمضان سیالوی ، مولانا محمد خان لغاری ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، قاری اسلم ، مولانا شمس الحق ، مولانا مبشر رحیمی ، مولانا عبد الغفار فاروقی اور دیگر بھی موجود تھے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ پورے ملک میں پیغام پاکستان کے موضوع پر ضابطہ اخلاق جاری کر چکا ہے اور پیغام پاکستان کی وجہ سے آج ملک بہتری کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور پاک فوج کے دیگر شہید ہونے والے افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جبکہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے حکومت بڑھ چڑھ کر کام کر رہی ہے اور پاک فوج کے جوانوں کی سیلاب زدگان کو ریلیف دینے کیلئے سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خودساختہ دانشور اپنی دانشوری کو چمکانے کیلئے ملکی سلامتی ساتھ کھیل رہے ہیں ۔