محرم الحرام کا پہلا عشرہ بخیر وعافیت گزر گیا، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، قومی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کاغیر معمولی کردار ہے، ڈاکٹر قبلہ ایاز

70
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا پہلا عشرہ بخیر وعافیت گزر گیا ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے سرکردہ علماء کرام، قومی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کاغیر معمولی کردار ہے۔

جمعہ کو یہاں جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ ماہ محرم الحرام کی آمد سے قبل قومی سلامتی کے اداروں، انتظامیہ اور علمائے کرام نے عاشوراء پر امن وامان کو یقینی بنانےکے لیے جس عزم کا اظہار کیا تھا اسے حقیقت بنانے پر وہ بجا طور پر قوم کے شکریے اور خراج تحسین کےمستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء نے محرم الحرام سے قبل اسلامی نظریاتی کونسل میں منعقدہ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ محرم الحرام میں بالخصوص اور باقی ایام میں بالعموم علماکرام مساجد وامام بارگاہوں میں امن و امان اور ملکی وحدت کا درس دیں گے، نفرت انگیز تقاریر کرنےاور فرقہ واریت پھیلانے والے افراد کو سٹیج فراہم نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام ذمہ دار افراد اور ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے جس کے نتیجے میں قومی وحدت مزید مضبوط ہوگی۔