محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،چوہدری شافع حسین

69

گوجرانوالہ۔ 04 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت و اوقاف پنجاب چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے منڈی بہائوالدین میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈوثرن سید نوید حیدر شیرازی،آر پی او طیب حفیظ چیمہ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم،ڈی پی او وسیم ریاض خان سمیت مختلف محکموں کے افسران وامن کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔صوبائی وزراء نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود پنجاب بھر میں جلوسوں،مجالس اور ان کے سکیورٹی انتظامات کو مانیٹر کر رہی ہیں۔امن کمیٹیوں کے اراکین،علمائے کرام اور معاشرے کے دیگر سرکردہ افراد امن و امان کے قیام،ملی یکجہتی

باہمی رواداری،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کریں۔اسلام امن،بھائی چارہ،یکجہتی اور سلامتی کا دین ہے اور اس میں بد امنی،دہشتگردی اور شر پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ محرم الحرام میں جلوسوں،مجالس اور عزاداروں کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،عزاداروں کے لیے ٹھنڈے،میٹھے پانی کی سبیلیں لگائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی علمائے کرام،امن کمیٹی کے اراکین اور دیگر سرکردہ افراد امن دشمن،شر پسند عناصر پر کڑی رکھیں تاکہ ہمارا ملک امن کا گہوارہ اور دہشتگردی سے محفوظ ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ عوام الناس سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد،جھوٹی خبروں پر دھیان مت دیں اور نہ ہی ایسی کوئی خبر،ویڈیو یا پیغام شیئر کریں۔ صوبائی وزراء نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں اور حساس مقامات کی مانیٹرنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقعہ پر امن کمیٹی کے اراکین اور مقامی علمائے کرام نے محرم الحرام میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سراہا۔بعد ازاں صوبائی وزراءنے صدر بازار میں امام بارگاہ حسینیہ اور مرکزی جلوس کا معائنہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی دودھ اور میٹھے پانی کی سبیلوں کا معائنہ کیا۔کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سکیورٹی فراہم کرنے، روٹس کی صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ضلع میں امن و امان اور اتحاد بین المسلین برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کو عوامی نمائندوں ، علمائے کرام اور شہریوں کا بھر پور تعاون حاصل ہے۔