فیصل آباد 06 جولائی (اے پی پی):مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں کے روٹس کلیئر اور پینے کے پانی کی فراہمی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
محرم الحرام کے سلسلے منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس صدارت کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ محرام الحرام کے دوران نکاسی آب کی صورتحال کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا جبکہ سیوریج لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ عشرہ محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کے روٹس کو کلیئر کرنے کے لئے آپریشنز سٹاف کو خصوصی ڈیوٹیز تفویض کی گئی ہیں ۔اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی امام بارگاہ سمیت دیگر امام بارگاہوں سے ملحقہ علاقوں میں بھی سیوریج کلیئر ہونے چاہیے تاکہ جلوسوں اور مجالس کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔
ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں اور چوک گھنٹہ گھر سمیت دیگر ملحقہ بازاروں میں واٹر ٹینکرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی اعزادار کو پینے کے پانی کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔انہوں نے تمام انتظامات کی مکمل مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری ،ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید اور ڈائریکٹر ایڈمن جاوید غنی شریک تھے۔