19.9 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومعلاقائی خبریںمحفوظ اور پیداواری کان کنی کے عنوان سے نمک کی کان کنی...

محفوظ اور پیداواری کان کنی کے عنوان سے نمک کی کان کنی پر دو روزہ مشاورتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی

- Advertisement -

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):محفوظ اور پیداواری کان کنی کے عنوان سے نمک کی کان کنی پر دو روزہ مشاورتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔یہ ورکشاپ نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن (این پی او) نے ایشین پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن (اے پی او) جاپان اور سالٹ مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) کے اشتراک سے منعقد کی۔ ورکشاپ کا مقصد شرکاء کو جدید اور پیداواری کان کنی، پراسیسنگ، برانڈنگ اور اعلیٰ معیار کے نمکیاتی مصنوعات کی برآمدات سے متعلق آگاہی دینا تھا۔ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی وزارتِ صنعت و پیداوار کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد اسد اسلام مانی تھے۔

انہوں نے شرکا اور منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ قومی اہمیت کے اس موضوع پر مختلف شعبہ جات کی نمائندگی اور بامعنی مکالمہ دیکھنے کو ملا۔انہوں نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار کان کنی کے شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ ان کی پیداواری صلاحیت اور بین الاقوامی مسابقت کو فروغ دیا جا سکے۔ "یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے نمک اور کان کنی کے شعبے کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لائیں ۔

- Advertisement -

سالٹ مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار نے مقامی کان کن کمیونٹی کے لیے ایسے اقدامات کو نہایت اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ورکشاپ وہی ہے جس کی معدنیات کے شعبے کو ضرورت تھی۔ ہم شب و روز محنت کر رہے ہیں تاکہ کان کنی کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جا سکے اور قیمتی معدنی وسائل کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کر کے برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔

ورکشاپ میں نمک اور کان کنی کے شعبے سے وابستہ تقریباً 50 سے 60 ماہرین اور شرکاء نے شرکت کی۔ورکشاپ کا اختتام تمام شرکاء کے لیے اس پیغام کے ساتھ ہوا کہ وہ یہاں سے حاصل کردہ علم اور تجربات کو اپنے اپنے حلقوں میں عام کریں تاکہ یہ مثبت اثر پورے شعبے تک پھیل سکے اور صنعتی ترقی میں کردار ادا کرے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582660

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں