محمد جہانزیب خان کو صدارتی ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا گیا

64
Muhammad Jahanzeb Khan

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کے موقع پرمحمد جہانزیب خان کو صدارتی ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا ہے۔محمد جہانزیب خان ایک سابق سرکاری افسرہیں اس وقت ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہیں عوامی خدمت کا 35 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے اور وہ وفاقی اور صوبائی حکومت میں اہم قائدانہ عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ کے عہدے پر تعینات تھے۔

انہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹس میں کام کیا ہے۔ پنجاب میں اپنے دور کے دوران انہوں نے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی اور فنانس سیکرٹری کے طور پر کام کیا۔ پاکستان میں کام کے علاوہ، وہ فرانس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے پورٹ فولیو کے ساتھ 5 سال تک فرانس میں پاکستان کے سفارت خانے کے کمرشل قونصلر کے طور پر تعینات رہے۔ محمد جہانزیب خان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وائس چیئرمین ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کے طور پرمحمد جہانزیب خان200 ملین امریکی ڈالر کی ابتدائی فنانسنگ کے ساتھ سب سے بڑے سرکاری فنڈ میں سے ایک کی قیادت کر رہے ہیں۔

وہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) کے چانسلر ہیں اور پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس اور سی پیک اتھارٹی جیسے اہم سرکاری محکموں/ اتھارٹیز کو چلا رہے ہیں۔ محمد جہانزیب خان کو عوامی مالیاتی انتظام، امدادی رابطہ کاری، اقتصادی ترقی، کاروبار کے فروغ، نقل و حمل اور مواصلات، زراعت اور لائیوسٹاک، توانائی تک رسائی، موسمیاتی تبدیلی، محفوظ شہروں، آئی سی ٹی، اور بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں وسیع پیمانے پر آپریشنل تجربہ حاصل ہے۔