لندن۔11اپریل (اے پی پی):مصر کے بین الاقوامی شہرہ آفاق فٹ بالر اور لیورپول کےسٹرائیکر محمد صلاح نے دو سالہ توسیع معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس سے ان افواہوں کا خاتمہ ہو گیا ہے کہ وہ انگلش پریمیئر لیگ(ای پی ایل )کے سیزن کے اختتام پر این فیلڈ چھوڑ کر سعودی عرب چلے جائیں گے۔32 سالہ محمد صلاح نے جمعہ کو لیورپول کلب کے ساتھ دوسالہ معاہدے کی تجدید کا باضابطہ اعلان کیا۔محمد صلاح کی لیورپول کے ساتھ معاہدہ میں تجدید کے لئے کلب کی ان کے ساتھ مہینوں کی گفت و شنید شامل ہے کیونکہ لگ رہا تھا کہ محمد صلاح 8 کامیاب سیزن کے بعد کلب چھوڑ دیں گے ۔محمد صلاح نے اپنے کامیاب 8 سیزنز کے دوران 393 کھیلے گئے میچز میں 243 گول سکور کئے ۔
انہوں نے رواں انگلش پریمیئر لیگ(ای پی ایل )سیزن میں 27 گولز کے ساتھ اپنی ٹیم لیورپول کو ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن دلوائی ہوئی ہے۔اس موقع پر محمد صلاح نے کہا کہ میں نے یہاں آٹھ سال کھیلا ہے جس پر مجھے بہت فخر ہےاور اب مزید دو سال اور کھیلنے جارہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس دوران یہاں اپنی زندگی میں بہت لطف اٹھایا ہے اور اب اپنے فٹ بال کھیل سے مزید دو سال اور لطف اندوز ہوں گا ۔ محمد صلاح نے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کے بہترین سال یہاں گزارے ہیں۔32 سالہ محمد صلاح نے کہا کہ یقیناً میں لیورپول کے ساتھ مزید دو سالہ توسیعی معاہدے پر بہت پرجوش ہوں ، ہمارے پاس اب ایک بہترین ٹیم ہے۔
محمد صلاح نئے معاہدے کے تحت اپنے لیورپول کلب کو 2027 کے موسم گرما تک دستیاب ہوں گے۔لیورپول کے کوچ آرنے سلاٹ نے ویسٹ ہیم کے خلاف کھیل سے قبل اپنی پریس کانفرنس میں اس خبر کا خیرمقدم کیا۔آرنے سلاٹ نے کہا کہ میں خوش ہوں، یقیناًمحمد صلاح نے اس کلب میں لگاتار کئی سالوں سے اپنی کارکردگی سے یہ منوایا ہے کہ وہ کلب اور ٹیم کے لیے کتنی اہمیت کا حامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580634