محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ان شاء اللہ ترقی کرے گا، مریم نواز

187

قصور۔15مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سنیئرنائب صدر اورپارٹی کی چیف آرگنائزرمریم نواز نے کہا کہ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ان شاء اللہ ترقی کرے گا ، ووٹ کی عزت کے لئے ترازو کے پلڑے برابر کرنے کی فیصلہ کن جدوجہد جاری ہے،ترازو برابر ہوگا تو انصاف کی فتح ہوگی ،مسلم لیگ (ن) پاکستان اور اس کی اکائیوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،ن لیگ نے ہمیشہ قوم کو عزت، معاشی ترقی اور سہولت دی،نواز شریف شیر لیڈر ہے جو کارکنوں کی ڈھال بنا تھا،زمان پارک میں عمران خان کو دیکھ لو جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنائے ہوئے ہے۔ ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے قصور کے نواح پھولنگر میں مسلم لیگ(ن) کے تنظیمی ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان زمان پارک سے عدالت جانے سے ڈرتا ہے،یہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے سر پھاڑ رہا ہے،ملک کے ٹکڑے کرنے کی باتیں کرنے والا عدالتی احکامات کے ٹکڑے ٹکڑے کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے نوجوان پاکستان کی عزت، حرمت اور تہذیب کے علم بردار ہیں،نوجوانوں اور خواتین کا جذبہ دیکھ کر ہر روز فخر کرتی ہوں،بڑا اعزاز ہے کہ آپ جیسے شیروں اور شیرنیوں کے ساتھ مل کرکام کرنے کا موقع ملا ہے،کارکن ہونے سے بڑا کوئی اعزازنہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے، سلیکشن پہلے قبول کی نہ آئندہ ہونے دیں گے۔

ا س موقع پر ان کے ہمراہ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ خاں،وفاقی وزیرراناتنویرحسین‘ رکن قومی اسمبلی ملک رشیداحمدخاں‘ رانامحمداسحاق خاں، رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمدخاں‘ملک احمدسعیدخاں‘چوہدری الیاس خاں،ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) وسیم اخترشیخ ودیگر پارٹی عہدیداران وکارکنوں کی کثیرتعدادموجودتھی. قبل ازیں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے مریم نواز کا خیرمقدم کیا اور ان کو سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مبارکباد دی۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور اس کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیاگیا۔