محمود اللہ کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

114
محمود اللہ کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کی ٹی ۔20 کرکٹ ٹیم کےکپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر محمود اللّٰہ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔35 سالہ آل رائونڈر محمود اللہ نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان پاکستان کے خلاف کل جمعہ سے شروع ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل کیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے محمود اللہ کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔محمود اللہ نے پاکستان کے خلاف ٹی ۔20 سیریز میں بنگلادیشی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

رواں سال کے شروع میں زمبابوے میں ٹیسٹ فارمیٹ میں واپسی کرنے والے محمود اللہ نے پہلے ہی اپنے ساتھیوں کو مطلع کر دیا تھا کہ وہ افریقی ملک کے خلاف اپنے کیریئر کے بہترین 150رنز ناٹ آئوٹ کے بعد طویل ترین فارمیٹ کی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے باوجود، محمود اللہ نے واضح کیا ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹی 20 میں اپنی کارکردگی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

محمود اللہ نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں میرا سفر شاندار رہا، اپنے ڈیبیو اور آخری ٹیسٹ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔بنگلادیشی کرکٹر نے مزید کہا کہ اپنی ٹیم کے ساتھیوں، کوچز اور کرکٹ بورڈ کی سپورٹ پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔35 سالہ محموداللّٰہ نے 2009 سے 2021 کے دوران 50 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کی اور 5 سنچریوں اور 16 نصف سنچریوں کی بدولت انفرادی 2914 رنز بنائے۔

انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے خلاف 2،2 اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 1 سنچری سکور کی، 150 ناٹ آؤٹ اُن کا بہترین انفرادی اسکور رہا۔محمود اللّٰہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں بولنگ کی اور 43 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور اُن کی بہترین بولنگ ویسٹ انڈیز کے خلاف 51 رنز کے عوض 5 وکٹیں رہیں۔