محکمہ تعلیم بلوچستان ،وفاقی وزارت تعلیم ، پی آئی ای اور جائیکا مل کر بلوچستان میں سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے پرعزم

175
Balochistan Education Minister Raheela Hameed Durrani

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):بلوچستان کی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اور جائیکا کے ساتھ مل کر بلوچستان میں 3.13 ملین سکول نہ جانے والے بچوں کو سکولوں تک لانے کے لئے کی مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بلوچستان کو زیر و آئوٹ آف سکول چلڈرن صوبہ بنائیں گے ۔ وہ جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن (پی آئی ای) کا دورہ کے موقع پر اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں ۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر محمد شاہد سرویا نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

معزز مہمان کو پاکستان انسٹیٹوٹ آف ایجوکیشن اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا ) نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک میں نافذ کی گئی تعلیمی ایمرجنسی اور سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کے حوالے سے پائلٹ پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔معزز مہمان کو بتایا گیا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن نے اسلام آباد میں زیرو آئوٹ آف سکول چلڈرن مہم کے اہداف کامیابی سے حاصل کر لئے ہیں جس پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن سے بلوچستان کے 3.13ملین ،سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کے لئے تکنیکی رہنمائی مانگ لی ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان وزارت تعلیم ، پی آئی ای اور جائیکا مل کر پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کوئٹہ میں زیر و آئوٹ آف سکول مہم شروع کر ے گا جس کے بعد یہ مہم پورے صوبے تک بڑھائی جائے گی۔ وزیر تعلیم بلوچستان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں 26.2 ملین بچے ہیں جو سکولوں سے باہر ہیں اور یہ تعداد بلوچستان میں 3.1 ملین ہیں ، اس تعداد کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی تھی۔

اس کی روشنی میں وزارت تعلیم بلوچستان نے تعلیمی پلان آف ایکشن تربیت دینا شروع کر دیا ہے۔ اس پلان کے تحت پہلے کوئٹہ اور پھر پورے بلوچستان صوبے میں سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے بلوچستان میں سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کے لئے پی آئی ای اور جائیکا کے تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر بلوچستان میں سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لایا جائے ۔تکنیکی نشست کے دوران، بلوچستان کے محکمہ تعلیم اور جائیکا کی ٹیکنیکل ٹیموں نے کوئٹہ شہر اور بلوچستان صوبے کے لیے اہداف اور حکمت عملیاں تیار کیں۔