لاہور۔12مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب ملک ثنا اللہ خان کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولپور ریجن رائے زاہد علی کی زیر قیادت وائلڈلائف سٹاف رحیم یار خان نے صحرائے چولستان میں پاکستان رینجرز کے تعاون سے ایک کامیاب کارروائی کے دوران نایاب ہرن چنکارہ کے شکار میں مصروف تین شکاریوں کو مال مقدمہ سمیت گرفتار کرلیا۔
محکمہ جنگلی حیات کے ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف ضلع رحیم یار خان محمد نواز بھٹہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چولستان رینجرز کے تعاون سے چولستان صحرا میں جدید اسلحہ کے ساتھ نایاب ہرن چنکارہ کے غیرقانونی شکار میں مشغول ایک شکار پارٹی کے تین افراد کو سر توڑ کوشش کے بعدگرفتار کرلیااور ملزمان کے قبضہ سے ایک ٹیوٹا ڈبل کیبن پک اپ ، ایک رائفل 0.22 بور،ایک بندوق 12بور، 75کارتوس12بور،21عدد رائفل بولٹ ، ایک سرچ لائٹ اورایک چھری برآمد کرکے تحویل میں لے لی۔
تینوں ملزمان کاوائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر چالان مرتب کرکے مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا جس پر مقامی عدالت نے تینوں ملزمان کو مجموعی طورپر تین لاکھ روپے جرمانہ کیاجبکہ مال مقدمہ ماسوائے گاڑی سرکاری تحویل میں رکھنے کاحکم دے دیا۔