محکمہ جنگلی حیات کا جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کیخلاف کریک ڈائون جاری

146
محکمہ جنگلی حیات

لاہور۔11اکتوبر (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات و ماہی پروری کا صوبہ پنجاب بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کے خلاف بھر پور کریک ڈائون جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع چکوال عدنان علی نے چھمبی سرلہ وائلڈ لائف سینگچوری میں اڑیال کے غیر قانونی شکارکی ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے پر وائلڈ لائف انسپکٹر چوا سیدن شاہ زاہد اقبال اور وائلڈ لائف واچرفراست اللہ کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا جنہوں نے ڈھریالہ کہون پر ناکہ لگا کر جنگل سے آنیوالے دو موٹر سائیکلوں پر سوار محمد جلیل ولد صنم، محمد فیضان ولد محمد اعجاز اور محمد ظریف ولد محمد کمال ساکنان ڈلوال کو شک پڑنے پر روکا ،پوچھ گچھ کرنے پر ملزمان نے ہاتھا پائی شروع کردی، محمد فیضان نے رائفل کے فائر کئے جبکہ محمد ظریف نے اہلکاروں پر بندوق تانے رکھی اور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان اپنی ایک موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے جسے قبضہ میں لیکر اہلکاروں نے فوری تھانہ چوا ٓسیدن شاہ میں نامزد ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی ہے، جنکی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے شروع کردیئے ہیں۔

اسی طرح ایک دیگر کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف خوشاب رانا محمد اشفاق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دریا کے پل پر ناکہ بندی کرکے گھر یلو چڑیوں کی ایک بڑی کھیپ سمگل کرنیکی کوشش ناکام بنادی اور پانچ اسمگلرز کو گرفتار کرکے انہیں مبلغ50ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے تمام چڑیاں قدرتی ماحول میں آزاد کردیں۔ ایسی ہی ایک کامیاب کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع بھکر وسیم حیدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی بٹیر کے پانچ نیٹنگ گیئرز برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ اسیطرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع بہاولنگر منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل فورٹ عباس اور بہاولنگر سے مرغابی اور طوطوں کے دو شکاری گرفتار کرلئے۔ مرغابی کے شکاری کو دس ہزار جرمانہ کیا جبکہ ایک بندوق بارہ بور مزید قانونی کارروائی کیلئے ضبط کرلی ہے۔