محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ،ترجمان

5

لاہور۔27جون (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام یقینی بنانا اور اشتعال انگیزی کی روک تھام ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام بمطابق 27 جون تا 6 جولائی دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ دفعہ 144 کے تحت پنجاب میں 7 قسم کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ محرم الحرام کے منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کے علاوہ کوئی نئی اختراع نہیں ہو گی۔

جاری کردہ حکم نامے کے مطابق مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ترجمانمحکمہ داخلہ کیمطابق عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس سے بین المذاہب، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات، تبصرے یا معلومات کی تشہیر پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی ہے۔ اسی طرح جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

سکیورٹی کے پیش نظر پنجاب بھر میں محرم الحرام کے جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ان تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام بمطابق 27 جون تا 6 جولائی ہوگا۔ ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 9 اور 10 محرم بمطابق 5 اور 6 جولائی کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران کو ڈبل سواری کی پابندی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔