لاہور۔24اپریل (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے جرائم پیشہ افراد کی نگرانی اور امن و امان کے قیام کیلئے تاریخی فیصلہ کیا ہے، محکمہ داخلہ عادی مجرمان اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ٹریکنگ ڈیوائسز پہنائے گا۔ اس ضمن میں ٹریکنگ ڈیوائسز کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، پیرول ڈیپارٹمنٹ اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب ابتدائی طور پر دستیاب 1500 ٹریکنگ ڈیوائسز کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تقسیم کر رہا ہے۔
مجرمان کو ٹریکنگ بینڈز لگانے کا فیصلہ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمن، ایڈیشنل آئی جی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس ڈاکٹر زیشان حنیف اور محکمہ قانون و خزانہ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق حال ہی میں تشکیل دیے گئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو 500 ٹریکنگ بینڈز، سی ٹی ڈی کو 900 ٹریکنگ بینڈز جبکہ پیرول ڈیپارٹمنٹ کو 100 بینڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ٹریکنگ بینڈز پہننے والے مجرمان کی نقل و حرکت پر 24/7 نظر رکھی جا سکے گی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے متعلقہ حکام کو دوسرے فیز کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹریکنگ ڈیوائسز درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جرائم پیشہ افراد کو سرویلنس میں رکھنے کیلئے عالمی سطح پر رائج طریقہ کار اپنائے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586936