لاہور۔26جون (اے پی پی):وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے ایگریکلچر ہاوس لاہور میں منعقدہ مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کپاس ہماری کیش کروپ ہے،یہ مفاہمتی یاداشت کپاس کے فروغ اور پیداوار میں اضافہ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔مفاہمتی یاداشت کے تحت محکمہ زراعت پنجاب اور بیٹر کاٹن انیشیٹو پرائیویٹ سیکٹر سے مل کر کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کپاس کے ڈیمو پلاٹس، پیسٹی سائیڈ کا مناسب استعمال، فارمرز ٹریننگ اور پانی کے باکفایت استعمال سے بہترپیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا جو مکمل طور پر قابلِ سراغ ہو۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے کپاس کی ویلیو چین میں بہتری آئے گی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ہماری پھٹی کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔
معاہدہ کے تحت باخبر کسان اور فیس(مثالی مرکز برائے زرعی ترقی و تحفظِ خوراک) مل کر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے ایک موبائل ایپ متعارف کرائیں گے جس سے5 لاکھ کسان کارڈ ہولڈرز کاشتکاروں کو کپاس سے متعلق پیسٹ الرٹس، موسم سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔یہ جدید پورٹل کپاس کے علاقوں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ اور تجزیہ بھی فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ کپاس کی زیادہ و کم پیداوار کے علاقوں کی بھی پورٹل کے ذریعے نشاندہی کی جا سکے گی۔وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ اگلے مالی سال کیلئے ایگریکلچر پلاننگ کی جارہی ہے جو پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کو اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی بہتری کیلئے ٹیکنیکل و فنانشل سپورٹ فراہم کرے گی۔کاٹن پائلٹ پراجیکٹ کا اطلاق بعدازاں گندم اور دوسری اہم فصلوں پر بھی ہوگا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ
محکمہ زراعت پنجاب پرائیویٹ سیکٹر کو سپورٹ فراہم کرے گا تاکہ کپاس کی فصل کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کا اہم تقاضا ہے جس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز چوہدری عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں اورکنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی، کنٹری ڈائریکٹر بی سی آئی حنا فوزیہ، چیف ایگزیکٹو باخبر کسان خضر عالم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب چوہدری عبدالحمید جبکہ بیٹر کاٹن انیشیٹو کی طرف سے ڈاکٹر محمد قدیر نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے جبکہ سروس ایگریمنٹ کے تحت فیس کی جانب سے حسن اکرم اور باخبر کسان کی طرف سے جددت ایاز نے دستخط کئے۔