سمبڑیال۔ 16 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے اگست میں دھان کی فصل کی کھاد کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ دھان کی سپر باسمتی کی قسم کی کاشت مکمل ہوچکی ہے اور اب پنیری لگانے کے پہلے دو ہفتوں میں پوٹاش، ڈی اے پی اور یوریا کھاد ڈالنے کے عمل کو مکمل کردینا چاہیے ۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کسانوں کو زمین کا تجزیہ کراکر کھادیں استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹی کا محکمہ زراعت سے تجزیہ کرانے کے اور فیلڈ میں موجود افسران سے مشاورت سے زمین کی زرخیزی کے مطابق کھادیں ڈال کر زیادہ منافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دفاتر روزانہ کی بنیاد پر کھلے ہیں اور ہمارے کارکن فیلڈ میں کام کررہے ہیں تاکہ کسانوں کو بروقت راہنمائی دی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے دھان کی پنیری 5 اگست کے بعد مکمل کی ہے وہ کھاد کے ساتھ ساتھ33 فیصد زنک کے دو یا اڑھائی پیکٹ فی ایکڑ کھاد کے ساتھ ملا کر استعمال کریں ، زنک فصل کے زیادہ شگوفے بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور فصل کو صحت مند رکھتا ہے۔