سیالکوٹ ۔ 20 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے گندم کی فصل کی بہتر نگہداشت کیلئے سفارشات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ کے مطابق دھان، کماد، مکئی اورکپاس کے بعد کاشتہ گندم کی فصل کو دوسرا پانی 80تا90 دن بعد لگائیں اور پچھیتی کاشت کے لئے دوسرا پانی 70 تا 80 دن بعد گوبھ کے وقت لگائیں۔کاشتکار گندم کی فصل کو پانی لگاتے وقت محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھیں۔
ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ اگر پہلی آبپاشی میں تاخیر ہوگئی تو جلد از جلد آبپاشی کریں۔آبپاش علاقوں میں نائٹروجنی کھاد کا استعمال پہلے اور دوسرے پانی کے ساتھ مکمل کر لیں تاہم ریتلے علاقوں میں چھوٹی اقساط میں ڈالیں۔
اس کے علاوہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے پہلے پانی کے بعد جڑی بوٹیوں کی شناخت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت (توسیع) کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے زرعی زہروں کا سپرے ٹی جیٹ یا فلیٹ فین نوزل کے ذریعے کریں اور پانی کی مقدار 100تا120 لیٹر استعمال کریں۔دھند، بارش اور تیز ہوا میں سپرے کرنے سے گریز کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=548737